فرانس میں اطالوی سفیر اور پادری پر جنسی چھیڑ چھاڑ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا
پیرس (امروز نیوز)فرانس کے پراسیکیوٹر جنرل نے پاپائی ریاستوں کے پیرس میں سفیر لویگی وینٹورا سے جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی ہیں ،یہ تحقیقات 24 جنوری سے جاری ہیں جن میں ملزم پر جنسی تشدد کے متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیرس بلدیہ نے پراسیکیوٹر جنرل کو بتایا کہ بلدیہ کے ایک نوجوان ملازم کی طرف سے شکایت کی گئی کہ 74 سالہ ایک اطالوی مذہبی رہنما نے 17 جنوری کو بلدیہ کے محل میں ہونیوالی ایک تقریب کے دوران اسے متعدد بار چھونے کی کوشش کی تھی۔پیرس بلدیہ کے معاون پیٹرک کلوگمن نے کہا کہ یہ واقعہ سال نو کے حوالے سے ایک تہنیتی تقریب کے دوران پیش آیا اور اس واقعے کے پیش آنے کے فوری بعد پراسیکیوٹر جنرل کو اس بارے میں مطلع کردیا گیا تھا۔پیرس بلدیہ کے مقرب ذرائع کے مطابق تقریب کے دوران بلدیہ کے ایک ملازم سے تین بار جنسی طورپر چھیڑ چھاڑ کی گئی، ایک مرتبہ عینی شاہدین کی موجودگی میں اسے چھونے کی کوشش کی گئی۔