ہیلپرز آئی ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نے منگل کے روز ہسپتال کے مختلف شعبوں آپریشن تھیٹر، الٹراساؤنڈ، لیزر سمیت دیگر کا تفصیلی معائنہ کیا
کوئٹہ(امروز نیوز) ہیلپرز آئی ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نے منگل کے روز ہسپتال کے مختلف شعبوں آپریشن تھیٹر، الٹراساؤنڈ، لیزر سمیت دیگر کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کی خصوصی ہدایت پر ہسپتال میں عوام کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہیلپرز آئی ہسپتال میں ملازمین کی غیر حاضری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ صوبائی وزیر صحت کے واضح احکامات کی روشنی میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے جس کے تحت تمام ملازمین کی حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے تحت لگائی جائے گا اور اس کے ساتھ ہسپتال میں ایوننگ اور نائٹ شفٹ کا بھی آغاز کیا جائے گا اس کے علاؤہ ہسپتال میں پرچی اور ٹیسٹ سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا، 09 ملازمین جو اٹیچمنٹ پر صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات تھے کو واپس ہسپتال میں ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے احکامات جاری کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری اور صوبائی سیکرٹری صحت حافظ عبد الماجد کی خصوصی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جائے گا فرائض میں غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ماہانہ 9 ہزار سے 10 ہزار مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے 5 ہزار کے مختلف آپریشن اور ایمرجنسی بنیادوں پر 2 ہزار آپریشن کئے جاتے ہیں جب کہ آنکھوں کی مختلف بیماریوں کی تشخیص کیلئے 10 سے 15 ہزار ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔