ایلن بارڈر، وسیم اکرم اور مائیکل ایتھرٹن کی پی سی بی پوڈکاسٹ میں شرکت

0 162

لاہور(امروز ویب ڈیسک)آسٹریلیا، پاکستان اور انگلینڈ کے تین عظیم کپتانوں نے پی سی بی پوڈکاسٹ کی 38ویں قسط میں خصوصی شرکت کی ہے اس دوران تینوں لیجنڈری کھلاڑیوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 24 سال بعد دورہ پاکستان پر اظہار خیال کیا ،دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ پر مشتمل سیریز 4 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی

۔تین مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے دنیائے کرکٹ کے تین نامور کھلاڑیوں نے پی سی بی پوڈکاسٹ کی خصوصی قسط میں شرکت کرتے ہوئے جن موضوعات پر گفتگو کی ان میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے بین الاقوامی کرکٹ کے مجموعی منظر نامہ پر اثرات،آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی میزبانی سے پاکستان کرکٹ کو ممکنہ فوائد،شائقین کرکٹ کے لیے معیاری اور سنسنی خیز مقابلے

،آسٹریلیا اور پاکستان کے تعلقات میں مضبوطی،دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے اپنا نام بنانے کا سنہری موقع،ماضی کے یادگار میچز شامل تھے ۔156 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر نے والے ایلن بارڈر نے سال 1980، 1982 اور 1988 میں پاکستان کے دورے کیے۔ مائیکل ایتھرٹن نے 115 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے پاکستان میں بھی تین ٹیسٹ میچز کھیلے۔ اسی طرح وسیم اکرم نے اپنے 104 ٹیسٹ میچز پر مشتمل کیرئیر میں سے 41 ٹیسٹ میچز اپنی سرزمین پر کھیلے۔آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کا کہنا ہے کہ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے اپنا نام بنانے کا سنہری موقع ہوگی،برصغیر میں آسٹریلیا کی ٹیم اکثر مشکلات کا شکار رہی ہے،

البتہ مہمان ٹیم اس مرتبہ پاکستان کو پاکستان میں ہرا کر اس سیریز کو یادگار بناسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں تیزی سے ایک یونٹ بن کر ابھر رہی ہے. یہ ٹیم چوبیس سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو شکست دینے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ایلن بارڈر نے کہا کہ آئندہ ماہ کھیلی جانے والی یہ سیریز کانٹے دار ہوگی کیونکہ دونوں ٹیموں میں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد سیریز کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز دیکھنے اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.