ترقیاتی فنڈ میں نصیر آباد میں ترقیاتی منصوبے شامل کیے جائیں گے : سکندر عمرانی

0 241

تمبو : صوبائی وزیر برائے بورڈ آف ریونیو میر سکندر خان عمرانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے لئے وفاقی بجٹ میں بے پناہ ترقیاتی منصوبے شامل کروائے، صوبائی بجٹ میں بھی عوامی اجتماعی ترقیاتی منصوبوں پر فوقیت دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر آباد سے ملنے والے مختلف علاقائی عمائدین کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر سکندر خان عمرانی نے بتایا کہ وفاقی بجٹ میں پٹ فیڈرکینال کو پختہ کرنے، جیکب آباد سندھ سے سبی ڈھاڈر قومی شاہراہ کو ڈبل وے کرنے سمیت کچھی کینال منصوبے کے لئے بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے نصیرآباد کے ارکان وفاقی و صوبائی اسمبلی کے مطالبے پر اپنا اہم کردار ادا کیا، نئے مالی سال بجٹ میں بلوچستان ترقی و خوشحالی کی جانب مزید گامزن ہوگا، میر سکندر خان عمرانی نے علاقائی سطح پر بلوچستان کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ نئے مالی سال بجٹ میں نصیرآباد کے تمام علاقوں کو ترقی و خوشحالی کے منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے جن کی تکمیل سے ڈیرہ مراد جمالی شہر سمیت علاقہ نصیرآباد کے تمام عوام مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلا رنگ و نسل تفریق کے ترقیاتی منصوبے شامل کئے ہیں کیونکہ ڈیرہ مراد جمالی سمیت نصیرآباد کی عوام کو بلوچستان عوامی پارٹی پر بھر پور اعتماد حاصل ہے جس کا واضح ثبوت حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے تمام نامزد امیدواران نے میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی سمیت نصیرآباد کی مختلف یونین کونسلز میں واضح طور پر برتری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح نصیرآباد کی عوام نے بلوچستان عوامی پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اسی طرح عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.