تھڈوڈیم کاپانی اسکیم33 میں داخل، متعدد سوسائیٹیاں ڈوب گئیں
کراچی ميں بارشوں کے طوفانی اسپیل کے بعد اسکیم 33 کی کئی آبادیاں زیرآب آگئیں ہیں۔نیو انچولی،پی سی ایس آئی آر، اسٹیٹ بینک سوسائٹی میں لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ ڈيفنس فيز فائيو کی شاہراہيں 3 دن بعد بھی ندی نالے بنی ہوئی ہيں۔
کراچی ميں وقفے وقفے سے برسنے والے تيزبارش کے سلسلے کو رکے ہوئے2 دن ہوگئے ہيں تاہم شہر کی متوسط سوسائٹيز اور پوش علاقےابھی تک تالاب بنے ہوئے ہيں۔
تھڈو ڈیم کاپانی اسکیم 33 میں داخل ہونے سے متعدد سوسائیٹیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ اسکيم 33 کی نيوانچولی سوسائٹی کے200سے زائد مکانات مکمل طور پر ڈوب چکے ہيں اور علاقے ميں تين سے پانچ فٹ تک پانی جمع ہے۔
ان پانیوں میں گاڑياں ڈوبی ہوئی ہيں جب کہ رہائشی نقل مکانی کررہے ہيں اور بيمار افراد گھروں ميں محصور ہيں۔
اسٹیٹ بینک اور گوالیارسوسائٹی جانےوالی سڑک ڈوب گئی ہے جب کہ سمیرا چوک جانے والی شاہراہ بھی زیرِآب ہے جس میں موٹرسائیکلیں اور چھوٹی گاڑیاں بند ہوگئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ نشاندہی کے باوجود پانی کی نکاسی نہیں کی جارہی ہے۔
شہر کے سب سے پوش علاقے کی سب سے اہم شاہراہ ڈيفنس فيز فائيوکی 26اسٹريٹ تين دن سے نہر بنی ہوئی ہے اور پاک فوج کے جوان ہيوی مشينری کے ذریعے پانی کی نکاسی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔