الیکشن کمیشن کا چوہدری شجاعت کو بطور پارٹی سربراہ برقرار رکھنے کا حکم

0 269

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چوہدری شجاعت کو بطور پارٹی سربراہ برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ق لیگ انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول معطل کردیا۔

ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کو الیکشن کمیشن سے بڑا ریلیف مل گیا ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا سربراہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی، جس میں 10 اگست کو ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن رکوانے کی استدعا کی گئی تھی۔

چوہدری شجاعت کے وکیل عمر اسلم نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے نام نہاد اجلاس میں پارٹی صدر اور سیکرٹری جنرل کو ہٹایا گیا، جب کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کو پارٹی صدر ہٹانے کا اختیار ہی نہیں۔

درخواست پر الیکشن کمیشن نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ق لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول بھی معطل کردیا، اور فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق طارق بشیر چیمہ بھی ق لیگ کے سیکرٹری جنرل رہیں گے، جب کہ پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت ہی رہیں گے۔ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے پارٹی ہدایات کے برعکس ووٹ دینے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کردیا، اور کہا کہ سیکرٹری جنرل پنجاب کامل علی آغا کو شوکاز بھجوا دیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 جولائی کو مسلم لیگ ق کی مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت اور طارق بشیر چیمہ کو جنرل سیکریٹری کے عہدوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ ق کی مجلس عاملہ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین اور طارق بشیر چیمہ کو عہدوں سے ہٹانے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ کا سربراہ بنانے کی بھی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں 10 روز میں مسلم لیگ ق انٹرا پارٹی الیکشن کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا جس میں پارٹی کے نئے صدر اور سیکریٹری جنرل کا انتخاب ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دوران چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے حکومتی اتحاد کی حمایت اور ڈپٹی اسپیکر کو لکھے گئے خط کے معاملے پر ق لیگ کے سربراہان میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔

چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی پاکستان تحریک انصاف کے حامی ہیں جبکہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹے سالک حسین مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت پی ڈی ایم اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.