میر عبید اللہ گورگیج کا دبئی کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے بلوچستان کے متاثرین کیلئے راشن اور خیمے کی فراہمی پر اظہارتشکر
کوئٹہ دبئی کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بلوچستان میں نمائندے اور وزیراعلیٰ کے سابق کوآرڈینیٹرمیر عبید اللہ گورگیج نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کے لئے راشن اور خیمے کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اس مصیبت کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور متاثرین کی امداد کے لئے اشیائے خوردونوش اور خیمے فراہم کئے جوکہ قابل تحسین عمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے کراچی میں مقیم قونصل جنرل کی نگرانی میں یہ راشن اور خیمے ضلع لسبیلہ، تحصیل اڑکی،اوتھل، جھل مگسی ، گنداواہ و گردونواح میں تقسیم کئے گئے، اگلے مرحلے میں امید ہے کہ ضلع چاغی، دالبندین اور صوبے کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن اور خیمے تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور کراچی میں مقیم قونصل جنرل کا بلوچستان کے عوام کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے غیور عوام اپنے محسنوں کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں متحدہ عرب امارات کی حکومت مصیبت کی گھڑی میں پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، آج بھی متحدہ عرب امارات کی حکومت اپنے برادر مسلم ملک پاکستان خصوصاً بلوچستان کے عوام کے ساتھ ماضی کی طرح کھڑی ہے اور اسکی دل کھول کر امداد کررہی ہے جو کہ قابل تحسین عمل ہے۔