عورتوں کی وراثت بارے اسلامی نظریاتی کونسل کو خط

0 123

اسلام آباد (امروز نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عورتوں کو وراثت قانون کے مطابق نہیں ملتی ا س سلسلے میں اسلامی نظریاتی کونسل کو خط لکھیں گے، صدر کا عہدہ غیر سیاسی ہے ،میں نے سب کو ساتھ لےکر چلنا ہے‘ ملک میں جمہوریت مستحکم ہے،اسے کوئی خطرہ نہیں ہے‘ 18ویں ترمیم میں بہتری ہونی چاہیے‘ سول اور ملٹری تعلقات بہتر سطح پر ہیں‘ حکومت کرپشن کے کیسز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ایک انٹرویومیں صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ افراد کو یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ کرپشن ملک کو کھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سپریم کورٹ نے کرپشن کے خاتمے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور حکومت کرپشن کے کیسز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرےگی۔ ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ نئے پاکستان میں کانفرنس آف تھاٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان آزمائشوں سے نکل چکا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں عورتوں کو وراثت قانون کے مطابق نہیں ملتی اس سلسلے میں وہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ایک خط لکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یورپ میں 19ویں صدی تک خواتین کو حقوق نہیں دیئے جاتے تھے اور اگر پاکستان میں خواتین کو حقوق نہیں دیئے جاتے تو یہ انتہائی تکلیف دہ بات ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تنخواہیں بڑھانے کے حامی ہیں تاہم پنجاب اسمبلی کی جانب سے موجودہ صورتحال میں تنخواہیں بڑھائے جانے پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین تنخواہیں بڑھانے کی بات نہ کرتے تو اچھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود مثال کے ذریعے کفایت شعاری کی جانب قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مہاجرین کو لینے سے انکار کیا جارہا ہے اور اکثر یورپی ممالک میں مہاجرین اور ان کے بچوں کو کھلے سمندر میں ڈوبنے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے تاہم پاکستان نے غریب ملک ہونے کے باوجود 35 لاکھ افغان مہاجرین کو تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت ملک کے تمام ادارے قوم سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور میڈیا نے معاشرے کی بہتری کے لئے جو کردار ادا کیا ہے لائق تحسین ہے۔ 18ویں ترمیم کے متعلق ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں بہتری آنی چاہیے،ملک میں جمہوریت پہلے سے مستحکم ہوئی ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان میں تمام معاملات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں سول ملٹری تعلقات بہتر سطح پر ہیں اور بھارت کی طرف سے حالیہ جارحیت کی صورت میں دونوں طرف سے دانشمندانہ ردعمل کا اظہار کیا گیا اور بھارتی پائلٹ کی واپسی سول اور ملٹری قیادت کا مشترکہ فیصلہ تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.