سیلابوں اور موسلادار بارشوں کے نتیجے میں بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، میر جان محمد جمالی

0 185

کوئٹہ قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ مون سون کے حالیہ تباہ کن سیلابوں اور موسلادار بارشوں کے نتیجے میں پورے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، ان نقصانات کے ازالہ کے حوالے سے ترکیہ وہ پہلا ملک ہے جس نے مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کیلئے امداد بھیجی ہے۔

قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا وہ دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے، بشردوست کے ناطے زلزلہ اور سیلاب جیسی قدرتی آفات اور دیگر معاملات میں فوری اور بروقت معاونت کیلئے ہم پوری ترکی قوم اور ترکیہ حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اپنے ایک پیغام میں قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا یقیناً ترکیہ کی گہری دوستی کی ایک بڑی علامت ہے۔ واضح رہے کہ قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی ترکیہ کیلئے اعزازی قونصل جنرل بھی ہیں،انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ترکیہ نے بہت قلیل مدت میں حیران کن ترقی کی ہے اور وہ مختلف شعبوں میں ترقی کے عروج پر پہنچا ہے اسطرح ترکیہ نے دنیا پر واضح کیا کہ وہ ایک بااہمت، جدید اور مضبوط قوم ہے جو تمام مسلم اقوام کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.