میر ضیاء اللہ لانگو کا ہرنائی کے علاقے خوست میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار
اگر کوئی بھی شخص واقعہ میں ملوث پایا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،میر ضیاء اللہ لانگو
ہرنائی صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ہرنائی کے علاقے خوست میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرے قانون سے بالاتر کوئی نہیں چاہے وہ وزیر ہو یا فورسز سے ہو یا عام عوام ہو اگر کوئی واقعہ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر سانحہ ہرنائی کے علاقے خوست میں لواحقین سے مذاکرات کے دوارن کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزرا،سینئر وزیر حاجی نور محمد دمڑ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، ارکان اسمبلی نعیم بازئی،اور اصغر خان اچکزئی ان کے ہمراہ تھے ۔جہاں پر انہوں نے سانحہ کے لواحقین کے ساتھ نماز جنازہ میں شرکت بھی کی۔مشیر داخلہ نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ آئندہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہو جس کے لئے صوبائی حکومت میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔
مشیر داخلہ نے سانحہ کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جاے گا اور واقعے میں ملوث ہونے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور سانحہ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا جاے گا۔مشیر داخلہ نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کا کوئی مداوا نہیں غم کی گھڑی میں صوبائی حکومت آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اورآپ کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگامتاثرین کے درد میں شریک ہیں اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔