وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی سے زمیندارایکشن کمیٹی کی ملاقات، مسائل اور بجلی کی صورتحال سے آگاہ کیا

0 141

کوئٹہ وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی (پاور ڈویژن) میر ہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ زمینداروں کے مسائل کاحل ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ صوبے کی اکثریت لوگوں کاروزگار زراعت سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے زمیندارایکشن کمیٹی کے ایک وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی،چیف انجینئر آپریشن شوکت علی جوگیزئی،چیف انجینئر(اواینڈایم) شفقت علی، چیف انجینئر (ڈویلپمنٹ)ولی اچکزئی،چیف انجینئر پلاننگ محمدنعیم کاکڑ،چیف انجینئر (ٹی اینڈجی) سمیع اللہ بھی موجود تھے جبکہ زمیندارایکشن کمیٹی کے وفد کی نمائندگی رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر شاہوانی اور عبدالرحمن باز ئی کر رہے تھے۔

زمیندارایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ صوبہ کے زمینداروں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے انھیں ہرممکن حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی طورپر وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے ملاقات کے لئے درخواست کرینگے۔ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ بارش کی وجہ سے گرے ہوئے کھمبوں کی تنصیب کاکام مکمل کیاجاچکاہے جبکہ کچھ علاقوں میں مزید گرے ہوئے کھمبوں کی تنصیب کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے۔زمینداروں کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاکہ حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے صوبہ بھرمیں اب تک تقریباً 15سو سے زائد کھمبے گرگئے ہیں جس کی وجہ سے کیسکوکوتقریباً 266ملین روپے کانقصان اٹھانا پڑاہے۔انہوں نے کہاکہ کیسکواسٹاف نے دن رات محنت کرکے کھمبوں کی تنصیبی عمل مکمل کرکے بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں حالیہ بارش کی وجہ سے مزید گرے ہوئے کھمبوں کی دوبارہ تنصیب کاکام جاری ہے،کیسکوچیف نے زمینداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بجلی کے بل جمع کراتے جائیں تاکہ انھیں یومیہ 6سے 8گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

قبل ازیں رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمد شاہوانی نے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی اور چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکو زمینداروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں زمینداروں کو کافی نقصان اُٹھاناپڑاہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اُن کے جولائی 2022تا جون 2023تک بجلی کے بل معاف کئے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ بجلی کے کوٹہ میں بھی اضافہ کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں زمینداروں کے ساتھ 2015ء میں ہونے والے معاہدے پربھی نظر ثانی کئے جائیں تاکہ زمینداروں کے مسائل میں کمی لائی جاسکے۔زمیندارایکشن کمیٹی نے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی سے زمینداروں کیلئے بلاسود قرضے کی فراہمی کابھی مطالبہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.