ملک کے 4 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے 5 روزہ مہم شروع

0 191

ملک کے 86 اضلاع میں آج سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق رواں سال کی تیسری پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت ملک کے 86 اضلاع میں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے کے خصوصی قطرے پلائے جائیں گے۔

وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف انسداد پولیو مہم کا آغاز کر چکے ہیں، جنوبی خیبرپختونخوا اور کراچی میں 15 آگست سے مہم جاری ہے جب کہ بلوچستان میں مہم 29 اگست سے شروع ہو گی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے، وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی لازمی ہے۔ اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، وفاقی، صوبائی حکومتیں اور ضلعی انتظامیہ مہم کی کامیابی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، انسداد پولیو مہم میں 43.3 ملین (4 کروڑ 33 لاکھ) بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے، فرنٹ لائن ورکرز ہمارے قومی ہیروز ہیں ، انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ 92 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ تمام والدین مہم کی کامیاب میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ہر مہم میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، ٹال فری صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر والدین کی رہنمائی کی جارہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.