وزیراعظم دو روزہ دورہ قطر پر کل روانہ ہوں گے

0 209

وزیراعظم شہبازشریف کل دو روزہ دورہ قطر پر کل روانہ ہوں گے۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 24 اگست 2022 تک قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے، یہ وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورہ قطر ہوگا۔

وزیراعظم کے ساتھ وفاقی کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی قطر جائے گا۔

دورے کے دوران وزیراعظم قطری قیادت کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کریں گے، دونوں فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، خاص طور پر توانائی سے متعلق تعاون کو آگے بڑھانے، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو گہرا کرنے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم اور قطری قیادت کے مابین باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم دوحہ میں “سٹیڈیم 974” کا بھی دورہ کریں گے، جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ یہ تعلقات دو طرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی ہم آہنگی سے جڑے ہوئے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ قطر میں موجود 200,000 سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قیادت کی سطح پر باقاعدہ تبادلے پاکستان قطر شراکت داری کی پہچان ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور ان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.