شہباز گل کو ‘زبردستی’ کھانا کھلانے کی وڈیو وائرل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ایک وڈیہو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر زبردستی کھانا کھا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو پیر کے روز اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں پیش کیا گیا۔
شہباز گل نے فاضل جج کے سامنے بیان دیا کہ رات 3 بجے 6 یا 7 لوگوں نے مجھے کھانا کھلانے کی کوشش کی، مجھے زبردستی باندھ کر 10، 12 افراد نے شیو کی، میں مونچھیں نہیں رکھتا مگر میری مونچھیں چھوڑ دی گئیں۔
ٹوئٹر پر شہباز گل کی ایک وڈیو منظرعام پرآئی ہے جس میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے ہیں۔ چند افراد ان کے گرد کھڑے ہوکر انہیں جوس پلا اور کھانا کھلانا چاہتے ہیں۔
شہباز گل جوس پیتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ آپ مجھے زبردستی پلارہے ہیں، اس کے بعد ان کے سامنے دلیہ پیش کیا جاتا ہے تو شہباز گل کھانے سے انکار کرتے ہیں۔
اسپتال کا عملہ انہیں کہتا ہے کہ 3 سے 4 چار چمچ ہی لے لیں، شہباز گل پیالہ ہاتھ میں لے کر کھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں یہ احتجاجاً کھارہا ہوں کیونکہ آپ زبردستی کررہے ہیں۔
دلیہ کھاتے ہوئے شہباز گل مسلسل یہ کہتے ہیں کہ مجھے آپ ہراساں کررہے ہیں، کھانا کھانا میری مرضی ہے لیکن آپ مجھ سے زبردستی کررہے ہیں۔
بعد میں شہباز گل مزید کہتے ہیں کہ جوس کا پورا گلاس پی لیا، دلیہ کھالیا ، یہ بہت ہے، مزید جوس پی کر میں بیمار ہوجاؤں گا اور لسی پینے سے میرا پیٹ خراب ہوجاتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا موقف ہے کہ شہباز گل پر دوران حراست بے انتہا تشدد کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی حالت بگڑ گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ شہباز گل کے ساتھ دوران سیاست جنسی زیادتی کی گئی ہے۔