ضلع آواران اور مشکے میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے ،آواران کے سیاسی و قبائلی شخصیات
لسبیلہ آواران کے سیاسی و قبائلی شخصیات میر مسلم اکبر محمد حسنی، شہک اکرم ساجدی، حنیف محمد حسنی، تیمور ساجدی، حاجی لیاقت، حاجی جلیل، عبدالرشید، فیصل شاہوانی و دیگر نے پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع آواران اور مشکے میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے چند ہفتے قبل بی این پی کے مرکزی رہنما سردار اسد اللہ مینگل میر عارف جان محمد حسنی نے مشکے آواران جھاؤ میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے پریس کانفرنس کی اور آئے روز خواتین اور بچوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا کے ذریعے آرہی ہیں کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کو ووٹ دینے والوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور سڑکیں بھی بلاک کر دی گئی ہیں لیکن مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ان کی آواز حکام اور عوام تک نہیں پہنچ رہی ہے اور ہر وقت بے خوابی میں سورہے ہیں ساتھ ہی امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، راشن، ٹینٹ اور دیگر چیزیں انتظامیہ کی طرف سے یقینی طور پر صرف حکمران جماعت کو ووٹ دینے والوں کو دی جا رہی ہے اور وفاقی حکومت سمیت صوبائی حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ مشکے، آواران، جھاؤ کے عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے مختلف علاقوں پروار، میانی قلات ہائے انوک، گڑ کھائی لال سمیت دیگر علاقوں میں راشن یقینی طور پر سیاسی مقاصد کے لیے دیا گیا کیونکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مشکے کے عوام نے عبدالقدوس بزنجو اور ان کے نااہل حواریوں کو یکسر مسترد کر دیا اور اس نااہل ایم پی اے کو آج بلوچستان کا وزیراعلیٰ اور صوبے کا انتظامی سربراہ بنا دیا گیا ہے جو پچھلے 40 سالوں میں آواران کو ٹھیک نہیں کرسکا اور وہ آج بلوچستان کو ترقی کی طرف لے جائے گا، یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کا نمائندہ نصیر بزنجو آواران کو سیلاب میں بے یار و مددگار اکیلا چھوڑ کر بارڈر پر ایرانی تیل کی گاڑیوں کے ٹوکن کروانے میں مصروف ہیں مون سون کی حالیہ بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور لوگوں کی کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، لوگ پناہ گاہوں کے محتاج ہو گئے ہیں، لوگ کھلے آسمان تلے کسی معجزے کے منتظر ہیں، ہیضہ، ڈینگی، ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ اور دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد لوگ بھوک اور افلاس سے مر جائیں۔ میں میڈیا کے تمام نمائندوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور عوام کی بے بسی دیکھیں اور دنیا کے سامنے لائیں اسی لیے ہم آج میڈیا کے ذریعے اقوام متحدہ، وزیراعظم، صدر پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کرتا ہیں کہ ضلع آواران، تحصیل مشکے اور جھاؤ کے عوام کے لیے اقدامات کریں، ورنہ یہ ایک اور انسانی المیہ بن جائے گا جس میں لوگ لقمہ اجل بن جائیں گے۔