ڈیرہ غازی خان: سیلاب زدگان کاامدادی سامان لوٹنےوالےافراد کی گرفتاریاں جاری
ڈیرہ غازی خان میں سیلاب زدگان کے امدادی سامان کی لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اب تک مختلف مقامات سے 116 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آرپی او ڈیرہ غازی خان چوہدری محمد سلیم نے سماء سے بات کرتےہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں سیلاب زدگان کے امدادی سامان کی لوٹ مار میں ملوث 116 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
دیگر ملزمان کی ویڈیوز کے ذریعے شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
امدادی سامان کی لوٹ مار کے الزام میں ریجن بھر کے مختلف تھانوں میں 22 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ امدادی سامان کی زبردستی چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے امدادی سامان کے سرکاری گوداموں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
ملک کے دیگر اضلاع سے امدادی سامان لیکر آنے والے مخیر حضرات سمیت فلاحی تنظیموں کو بھی مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیاہے۔