وزیراعظم کل دو روزہ دورے پر ازبکستان جائیں گے
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کل بروز جمعرات 15 ستمبر سے ازبکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزا یوف کی دعوت پر ازبکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ کے دوران موسمی تغیرات سے نمٹنے، خوارک ، توانائی، پائیدار ترقی سمیت اہم امور پر بات چیت ہوگی، اجلاس کے موقع پر شہباز شریف مختلف رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ثمرقند میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے، تاہم اس موقع پر بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ان کی کوئی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ایک مختصر رسمی ملاقات ممکن ہے لیکن ان دونوں کے درمیان باقاعدہ بات چیت نہیں ہوگی کیوں کہ دونوں فریقوں میں سے کسی نے بھی ملاقات طے نہیں کی ہے۔
تاہم دفتر خارجہ نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) کے 22ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم سی ایچ ایس کے موقع پر دیگر شریک رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ ایس سی او تنظیموں کے سربراہان اور دیگر خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا میں پھیلی ایک بڑی بین علاقائی تنظیم ہے۔ سال 2001 میں قائم ہونے والا ایس سی او ‘شنگھائی روح’ میں درج اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھتا ہے جس میں باہمی اعتماد، باہمی فائدے اور مشترکا ترقی کا حصول شامل ہے۔
[…] ازبکستان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں نے بھارت کی دوائیں تیارکرنے والی کمپنی کی کھانسی کی دوا پی تھی۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں کھانسی کے شربت میں مضر صحت کیمیکل کی زیادہ مقدار پائی گئی ہے۔ […]