کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، لشکر جھنگوی بلوچستان کا مفرور ملزم گرفتار

0 169

کراچی  کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے شعبہ تفتیش نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے لشکرِ جھنگوی بلوچستان کے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ انچارج سی ٹی ڈی چودھری صفدر کے مطابق ملزم میر علی حیدر عرف میر علی نواز کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ دشت ضلع مستونگ بلوچستان میں مفرور ہے، ملزم 2011ءمیں کیری روڈ مستونگ میں پولیس مقابلے کے دوران فرار ہوا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ مقابلے میں ملزم کا بھائی جمال ہلاک ہوا، دوسرا بھائی مبشر 2015ءمیں کوئٹہ میں مقابلے میں مارا گیا، جبکہ تیسرا بھائی یاسین بھی لشکرِ جھنگوی کا اہم کارکن ہے۔ ملزم گرفتاری کے ڈر سے روپوش تھا، جبکہ گرفتار ملزم کے دیگر بھائی ایران میں روپوش ہیں۔ ملزم 2015ءمیں بلوچستان پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا جو گرفتاری کے خوف سے بلوچستان سے فرار ہو کر کراچی میں روپوش ہوگیا تھا۔ انچارج سی ٹی ڈی چودھری صفدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ گرفتار میر علی حیدر عرف میر علی نواز سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.