سردار اختر مینگل بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف کمیشن کے سربراہ مقرر

0 151

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سردار اختر مینگل کو بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف کمیشن کا سربراہ مقرر کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنےکےخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کو تین روز میں اختر مینگل کو کمیشن کا کنوینئر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ اہم معاملہ ہے، بلوچ طلباء تعلیم کی غرض سے آتے ہیں، بلوچ طلبہ کیوں غیر محفوظ ہیں، اس پر الگ سے آرڈر کریں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیوں نہ اختر مینگل صاحب کو کمیشن میں شامل کیا جائے۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں، جس طرح عدالت چاہے۔

عدالت نے سرداراخترمینگل کو بلوچ طلبہ کی ہراسگی سے روکنے کے کمیشن کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے حکم دیا کہ حکومت 3 روز میں اختر مینگل کو کمیشن کا کنوینئر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ طلبہ کی ہراسگی روکنے سے متعلق کمیشن کا سیکریریٹ سینیٹ میں قائم کیا جائے، اور بلوچ طلبہ کی ہراسگی روکنے سے متعلق کمیشن ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے۔

عدالت نے ایمان مزاری کو ہدایت جاری کہ طلبہ سے متعلق اشوز کمیشن سیکرٹریٹ کو جمع کروائیں، عدالت نے کیس کی سماعت سات نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.