بھرتیوں کی معلومات پبلک کرنیکا معاملہ ،فریقین کو نوٹس جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بھرتیوں کی معلومات پبلک کرنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انیس اکتوبرتک جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج بروز منگل 4 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں بھرتیوں کی معلومات پبلک کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران انفارمیشن کمیشن آرڈر کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کے وکیل منیر پراچہ سے استفسار کیا کہ آپ سےانفارمیشن کیا مانگی گئی ہے؟، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ افسران کی تعیناتی سے متعلق انفارمیشن مانگی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا آپ ویب سائٹ پر تفصیل ڈال دیں کیا فرق پڑے گا، جتنی انفارمیشن پبلک کی جائے گی عوام کو پتا چلے گا کہ کیسے سرکاری ادارے میں تعیناتیاں ہوتی ہیں، تعیناتیوں کا رزلٹ ویب سائٹ پر ہی ڈال دیں تو کیا فرق پڑے گا، اس عدالت سے متعلق بھی ایک آرڈر آیا تھا ہم نے وہ معلومات ویب پر لگا دیں۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔