عیدمیلادالنبیﷺ پر ملک بھر میں چراغاں کے خوبصورت مناظر

0 154

ملک بھر میں محسن انسانیت، سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منانے کی تیاریاں ملک کے گوشے گوشے میں پوری عقیدت و احترام اور زور و شور سے جاری ہیں، 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر سے چھوٹے بڑے جلوس و ریلیاں برآمد ہوں گے اور میلاد کی محافل اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسز منعقد کی جائیں گی جن سے علماء کرام خطاب کریں گے۔

کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں رنگ و نور سے جگمگاتی فضائوں نے عید سے پہلے عید کا سماں بنادیا ہے، مدحت رسول کا اپنا اپنا انداز ہے، گلہائے عقیدت کا اپنا اپنا رنگ ہے۔

جسے دیکھیے روح پرور تیاری کے جتن کررہا ہے، گھروں کو سجانے کیلئے لائٹنگ کی جارہی ہے اور جھنڈے لگائے جارہے ہیں۔

ہر جگہ نور ہی نور پھیلا ہوا ہے اور فضائیں نعتوں سے گونج رہی ہیں، بچے بڑے سب ہی عشق نبیؐ سے سرشار نظر آتے ہیں۔

مساجد، گلیوں، بازاروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔

مختلف شہروں میں محافل درود و نعت کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں شمع رسالت کے پروانے خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کررہے ہیں۔

عاشقان رسول گليوں، محلوں اور گھروں کو سجانے کیلئے جوق در جوق دکانوں کا رخ کر رہے ہيں اور بازاروں میں معمول سے زیادہ رش دیکھا جارہا ہے۔

ماہِ ربیع الاول کا یہ مقدس دن اتنی صدیاں گزر جانے کے بعد بھی نوید جشن لے کر طلوع ہوتا ہے اور پوری دنیا کے مسلمان اس دن کو عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔

آقائے دو جہاںﷺ پوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ اُن جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔

جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عمل مسلمانوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام جیسے اَہم فرائض کی رغبت دلاتا ہے۔

خیر البشر کی ذات اقدس اس کائنات کے لئے باعث رحمت تو ہے ہی لیکن انہیں ہر شعبے میں وہ معراج حاصل ہے جس کی مثال ہی نہیں ملتی۔

آپﷺ نے علم و نور کی ایسی شمعیں روشن کیں جس نے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیروں کو ختم کر کے اسے دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بنا دیا۔

آپﷺ نے اپنی تعلیمات میں امن، اخوت، بھائی چارہ، یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا درس دیا۔

نبی کریمﷺ کا اس دنیا میں تشریف لانا تاریخ انسانی کا اتنا عظیم واقعہ ہے کہ اس سے زیادہ عظیم، پر مسرت، مقدس اور مبارک واقعہ اس روئے زمین پر پیش نہیں آیا

جہاں ایک طرف اس ماہ ہم آپﷺ کی ولادت کا جشن مناتے ہیں وہیں ہم پر لازم ہے کہ ہم آپ ﷺ کی تعلیمات پر بھی عمل کریں تبھی ہم آپ ﷺ سے محبت کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔

مصطفیٰ جان رحمت پہ لاکھوں سلام ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شمع بزم ہدایت پہ لاکھوں سلام جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند۔۔۔۔۔۔۔۔۔اس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام

Leave A Reply

Your email address will not be published.