کوئٹہ میں گرانفروشوں اور تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، 18 دکاندار گرفتار
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی شہر میں گراں فروشوں اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈوان جاری ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز کارروائی میں خلاف ورزی کرنے پر 18دکانداروں کو گرفتار کرلیاگیا۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ عطاء المنیم نے ڈبل روڈ پر قصائیوں اور تجاوزات قائم کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے 6دکانداروں کو گرفتار جبکہ متعدد کو وارننگ جاری کئے۔جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثاراحمد لانگو نے سریاب میں ملحقہ علاقوں میں گرانفروشوں و ڈیری فارمز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بارہ افراد گرفتار کرکے بند کردئیے۔ یہ کارروائیاں سریاب مل و نواحی علاقوں میں کی گئیں اس دوران مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں اور دودھ فروخت کرنے والے ڈیری فارمز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو وارننگ جاری کئے گئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثاراحمد لانگو نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت اور عوامی شکایات پر شہر بھر میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اور ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام یقینی بنانے کے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔لہذا تاجر برادری ایسے عناصر کا محاسبہ کریں جوکہ انکی صفوں میں رہتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کا باعث بن رہے ہیں۔دکاندار حضرات عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول لسٹ پر اشیاء خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید وسعت اور سخت کرے گی۔