رواں سال حج کا خطبہ کون دیں گے؟ سعودی حکومت نے اعلان کردیا

0 181

مکہ مکرمہ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ شیخ صالح بن حمید رواں برس حج کا خطبہ دیں گے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس یوم عرفہ پر خطبہ شیخ صالح بن حمید دیں گے۔

یوم عرفہ (9 ذو الحج) کو حج کا نکتہ عروج سمجھا جاتا ہے اور یہ دن فریضہ حج ادا کرنے والوں کے لیے سب سے اہم دن ہوتا ہے اور دنیا بھر میں موجود مسلمان جو حج کے لیے مقدس سرزمین نہیں جاسکتے وہ اس دن روزہ رکھتے ہیں اور اللہ کے حضور عبادات کرتے ہیں۔

ایکسپریس کے مطابق یوم عرفہ کا خطبہ جبل عرفات پر واقع مسجد نمرہ میں دیا جاتا ہے جو نماز ظہر اور عصر سے پہلے ہوتا ہے اور حاجی دونوں نمازوں کو اکٹھا پڑھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سربراہ امور حرمین شریفین شیخ عبدالرحمان السدیس نے اس تقرری پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تقرری مملکت سعودی عرب کی دینی حوالے سے عالمی سطح پر قیادت اور مذہبی اداروں کی مسلسل حمایت کی عکاس ہے اور اس بات کا بھی مظہر ہے کہ قیادت کی جانب سے حرمین شریفین پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.