” جیوے ،جیوے پاکستان” فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سامنے نعرہ بازی، پاک فوج کے سربراہ کا خیرمقدم
واشنگٹن واشنگٹن ڈی سی میں موجود چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران پاکستانی اوورسیز کمیونٹی سے اہم ملاقات کی، جس میں مسلح افواج اور سمندر پار پاکستانیوں کے درمیان مضبوط تعلق کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا تاہم جب فیلڈ مارشل سٹیج پر آئے تو شرکاءنے ’ جیوے جیوے پاکستان‘ کے نعرے بلند کیئے جس پر عاصم منیر نے اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر تمام پاکستانیوں کے ساتھ نعرہ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کا کمیونٹی کے ارکان نے پرتپاک استقبال کیا۔ بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے لیے جمع ہوئے اور قومی سلامتی کے دفاع میں پاک فوج کے کردار کو سراہا، خاص طور پر “آپریشن بنیان مرصوص / معرکہ حق” میں فوج کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کی تعریف کی۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن کے سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر، سرمایہ کاری، اور مختلف شعبوں میں بین الاقوامی کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو تقویت دیتے آ رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے رابطے کو برقرار رکھنا نہایت اہم ہے، کیونکہ ان کے تجربات، بصیرت اور وطن سے وابستگی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران کمیونٹی کے ارکان کو اپنے خیالات اور تجاویز براہ راست آرمی چیف تک پہنچانے کا موقع بھی ملا۔ جنرل منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج مشترکہ تعاون کے جذبے کے تحت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔