18ویں ترمیم من مانیاں کرنے والوں کے لئے عذا ب، صا دق عمرانی
ڈیرہ مرادجمالی (امروز نیوز) پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صدر و سابق صوبائی وزیر میر محمدصادق عمرانی نے کہا ہے کہ خوداحتسابی کا راگ الاپنے والوں نے اپنی سرپرستی میں کرپشن کرنے والوں کو احتساب سے مبرا قرار دے رکھا ہے۔ سیاسی مصلحتوں کے شکار مسلط کردہ عناصر کو اپنی ناک کے نیچے ہونے والی کھلے عام کرپشن، اقربا پروری سے کوئی سروکار نہیں انہیں تو صرف اپنے غیر حقیقی اقتدار کو دوام بخشنا ہے۔ چاہے قوم کو اس منفی طرزعمل کی کتنی بھی قیمت چکانا پڑے۔ اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کرکے ان عناصر کی مالی معاونت کی جارہی ہے جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں تبدیلی سرکار کو برسراقتدار لانے کے لئے تجوریوں کے منہ کھول دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو شاید اس حقیقت کا ادراک نہیں کہ نظریہ ضرورت کے تحت مہربان ہونے والی قوتیں مطلب نکل جانے کے بعد اپنے ہاتھوں سے بنائے جانے والے سیاسی بتوں کا کیا حشر کرتی ہیں میر محمدصادق عمرانی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کی ہڈی من مانیاں کرنے والوں کے گلے میں پھنسی ہوئی ہے جس کو سبوتاژ کرنے کے لئے صدارتی نظام لانے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ہماری نظریاتی و جغرافیائی اکائیاں ایک اور ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہوجائیں گی۔ تیزی سے بدلتے عالمی حالات سرحدوں پر موجودخطرات اور دہشت گردی کے خلاف اغیار کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے دوران یہ درباری سازش اپنے ہی ہاتھوں اپنے ہی پاﺅں پر کلہاڑی مار لینے کے مترادف ہوگی موجودہ حالات میں ذرا سی بھی لرزش اب تک دی جانے والی قربانیوں سے انحراف اور قومی اہداف سے مزید دوری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔