سریاب 70سال سے نظر انداز چلا آرہا ہے ،احمد نواز بلوچ

0 196

کوئٹہ(امروز نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ سریاب کا علاقہ 70سال سے ہر شعبہ زندگی میں نظر انداز چلا آرہا ہے علاقے میں پینے کا صاف پانی ،تعلیم ،صحت اور صفائی کی صورتحال بھی اطمینان بخش نہیں ہے پہلی مرتبہ علاقے میں صفائی مہم شروع کی جارہی ہے جس پر ایڈمنسٹریٹر کے شکر گزار ہیں ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میر فاروق لانگو کے ہمراہ علاقے میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے موقع پر صحافیوں اور علاقے کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انور لہڑی ، عبدالحق گرگناڑی , سرور زہری اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ احمد نواز بلوچ نے کہا کہ سریاب کے علاقے قمبرانی روڈ، کشمیرآباد ،شاہوزئی ،جیو ،فیروز آباد ، رندآباد ،چوک سبزل روڈ، بینک کالونی شفیع ،کالونی ، ملک جہاں خان ،عیسیٰ نگری ، جہلم کاریز ،پندرانی اسٹریٹ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 70سالوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس سے علاقے میں ملیریا سمیت دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں اور بدبو کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں مصنوعی نمائندوں کو ٹھپے لگاکر کامیاب کر کے عوام پرمسلط کیا گیا جنہوں نے عوام کی خدمت کی بجائے اپنی جیبیں بھریں اور علاقے کومسائلستان میں تبدیل کردیا سریاب کا علاقہ پینے کے صاف پانی ،تعلیم ، صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پریقین رکھتی ہے انشاءاللہ عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسکو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایڈمنسٹریٹرکوئٹہ میر فاروق لانگو سے ملاقات کرکے انہیں علاقے میں صفائی کی خراب صورتحال سے آگاہ کیا تھا آج میرفاروق لانگو خود صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے علاقے میں آئے ہیں جس پرانکا شکریہ ادا کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ وہ اپنی نگرانی میں سریاب کے علاقے میں صفائی کرائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.