نیب کی کارروائیوں پر اپوزیشن کو خدشات ہیں تو عدالتوں میں جائیں ،فردوس عاشق اعوان

0 115

اسلام آباد (امروز نیوز)وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹ بورڈ کی تعیناتی ،ای سی سی میں فیصلوں ،شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری اور کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دے دی ہے جبکہ معان خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ نیب کی کارروائیوں پر اپوزیشن کو خدشات ہیں تو عدالتوں میں جائیں ،اپوزیشن نیب پر حملے کرنے کی بجائے نیب کے سوالوں کے جواب دے ،چھ ہفتے میاں صاحب فائیو سٹار گھر میں لیٹے رہے ،میاں صاحب طے کر لیں بیماری کیا ہے ؟حکومت معاونت کرے گی، ڈالر کی اونچی اڑان پر کابینہ میں تفصیل سے بات چیت ہوئی ہے ،مشیر خزانہ معیشت کے حوالے سے طویل مدتی روڈ میپ بھی ہفتہ کے روز قوم سے شیئر کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر علی محمد مہر کی وفات پر کابینہ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مرحوم کے خاندان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوںنے بتایاکہ کیبنٹ کا دس نکاتی ایجنڈا تھا ، وزیر تعلیم نے تعلیم کے حوالے سے پالیسی کابینہ کے سامنے رکھی ،تعلیمی پالیسی میں لٹریسی ریٹ اور ووکیشنل ٹریننگ کے حوالے سے تمام تر اہداف طے کئے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ پالیسی میں یکساں نصاب اور معیاری تعلیم سمیت دیگر پہلوﺅں کا احاطہ کیا گیا ہے ،کابینہ میں ڈھائی گھنٹے تک ایجوکیشن پالیسی پر بحث ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ کامیاب نوجوان پروگرام لانچ کیا جارہا ہے،نوجوانوں کو باختیار بنانے کی کیلئے کامیاب نوجوان پروگرام ہے ، نوجوانوں کو اثاثہ بنانے جارہے ۔انہوںنے کہاکہ نوجوان نسل ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبائی حکومتوں کے پاس ہے۔ انہوںنے کہاکہ عثمان ڈار نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے پالیسی کے بارے میں ایک دو دن میں میڈیا کو بریفنگ دینگے۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو ایک لاکھ سے پانچ لاکھ کا قرض چھ فیصد شرح سود اور 10 فیصد ایکویٹی پر دیا جائے گا،پانچ لاکھ سے پچاس لاکھ کا قرض دس فیصد ایکویٹی پر دیا جائےگا۔انہوںنے کہاکہ نوجوان نہ صرف اپنا بوجھ اٹھائیں گے بلکہ دوسرے نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ معاون خصوصی نے بتایاکہ ڈالر کی اونچی اڑان پر بھی کابینہ میں تفصیل سے بات چیت ہوئی،مشیر خزانہ نے ڈالر سے متعلق تمام تر حقائق سے کابینہ کو آگاہ کیا ،کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ مشکل حالات سے نکلنے کیلئے عوام کے ساتھ پر یقین ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مشیر خزانہ معیشت کے حوالے سے طویل مدتی روڈ میپ بھی ہفتہ کے روز قوم سے شیئر کریں گے جس میں پچھلی حکومتوں کے معیشت پر خودکش حملوں سے آگاہ کیا جائے گا اور موجودہ حکومت کے معاشی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ایی سی سی میں ہونے والے فیصلوں کی بھی کابینہ نے منظوری دے دی ہے ،اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹ بورڈ کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ اسٹیٹ بینک خود مختار ادارہ ہے مانیٹری پالیسی کا اعلان ہو چکا ہے ،کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے 100ارب روپے رکھے گئے ہیں،نوجوانوں کو ایک سے پانچ لاکھ کے قرضے چھ فیصد اور پانچ سے 50لاکھ تک کے قرضے 8 فیصد پر دیئے جائیں گے۔معاون خصوصی نے کہاکہ کابینہ میں اپوزیشن کی بے چینی پر بھی غور کیا گیا ،پاکستان کے اندر انتشار اور عدم استحکام کے حوالے سے کابینہ نے غور کیا انہوںنے بتایاکہ وزیراعظم نے سب کو عوام کے اندر جا کر ان کے دکھوں کے مداوا کی ہدایت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ نیب ایک آزاد خود مختار ادارہ ہے ،نیب ریاست کا ادارہ جو آئین اور قانون کے تابع ہے ۔انہوںنے کہاکہ نیب کی کارروائیاں پر اپوزیشن کو خدشات ہیں تو عدالتیں موجود ہیں ،جہاں سمجھتے ہیں کہ نیب نے تجاوز کیا ہے تو عدالت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن پہلے ہی عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹا رہی ہے اب زور زور سے بجانا شروع کر دے ۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نیب پر حملے کرنے کی بجائے نیب کے سوالوں کے جواب دے ۔ انہوںنے کہاکہ نیب سے چھپن چھپائی کھیلنا مسئلہ کا حل نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ چھ ہفتے میاں صاحب فائیو سٹار گھر میں لیٹے رہے ،یہ کیسی پراسرار بیماری ہے جو گھر جاتے ہی ٹھیک ہو جاتی ہے اور جیل جاتے ہی جان لیوا ہو جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میاں صاحب طے کر لیں بیماری کیا ہے حکومت معاونت کرے گی۔انہوںنے کہاکہ نیب کسی قسم کے حکومتی شکنجوں سے بالکل آزاد ہے لیکن جہاں مشکلات ہو سکتی ہیں، وہاں سہولت دینا ہماری آئینی ذمہ داری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.