ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کرنی چاہیں
کوئٹہ(امروز نیوز)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اسد اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ ایک قوم ، مذہب یا ایک طبقے کا فنڈ نہیں بلکہ انسانیت کا فنڈ ہے اس لئے ہمیں ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کرنی چاہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ کی ساتویں بورڈ کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری سوشل ویلفیئر عبدالر¶ف بلوچ ، پروگرام ڈائریکٹر بلوچستان عوامی انڈوومنٹ فنڈ ممتاز احمد ، ڈپٹی سیکریٹری ہیلتھ عبدالواحد ، میڈیکل سپر نٹنڈنٹ بی ایم سی فہیم آفریدی اور دیگر ڈاکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی ایجنڈے کے مطابق 50 نئے کیسز کی منظوری دی۔ مزید براں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی ایم سی فہیم آفریدی اور ڈائریکٹرسینار ہسپتال نے ادویات کی خریداری کے لئے مختص فنڈ زاور ذمہ داریوں سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں مریضوں کو علاج کے بعد اضافی خرچہ دینے پر بھی بورڈ ممبران نے اتفاق کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ عوامی خدمت ایک عبادت ہے اس لیئے ہم ایک عظیم مقصد کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں ۔انسانیت کی خدمت ہمیں ہمارے مذہب میں دی گئی ہے لیکن دیگر مذاہب میںبھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا گیا ہے ۔ ہمیں چاہیئے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شیوا بناتے ہوئے ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کریں ۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت غریب اور نا داروں کی مدد اور علاج و معالجہ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ بلوچستان انڈوومنٹ فنڈز حکومت کی جانب سے صوبے کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے جس سے غریب اور نادار مریضوں کو ملک کے بڑے بڑے ہسپتالوں میں حکومتی اخراجات میں بہترین علاج ہورہا ہے۔اجلاس کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کے سینئر ڈاکٹروں کی ایک کمیٹی تشکیل دیکر مختلف ہسپتالوں میں بھیجا جائے گا تاکہ ہسپتالوں کے مسائل کو معلوم کرکے مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔