طالبان سے مذاکرات میں بہترین پیش رفت ہوئی ہے،زلمے خلیل زاد
واشنگٹن (امروز نیوز)امریکا کے سفیر برائے افغانستان زلے خلیل زا د نے کہاہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے لیے دوحہ میں ہونے والے تازہ مذاکرات میں بہترین پیش رفت ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگل کو امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ میں طالبان سے معاہدے کے لیے باقی امور پر غور کے لیے کچھ دن گزارے، ہمارے درمیان بہترین پیش رفت ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے مشروط، فوجی انخلا ہوگا۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ وہ اب نئی دہلی جارہے ہیں تاکہ افغان امن مرحلے کی حمایت میں عالمی سطح پر اتفاق رائے قائم کرسکیں۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ میری ٹیم اور طالبان کے نمائندے تکنیکی تفصیلات پر بحث کرتے رہیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ میری تعیناتی کے بعد سے ہم جن 4 حصوں پر مشتمل معاہدے پر کام کر رہے ہیں اس کے کامیابی سے اطلاق کے لیے ضروری میکانزم پر بھی بات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ان تفصیلات پر معاہدہ ناگزیر ہے۔