0 116

مولانا فضل الرحمن 27 اکتوبر کے دن احتجاج پر نظرثانی کریں، وزیرخارجہ کی درخواست
اسلام آباد (اامروز نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے درخواست کی ہے کہ وہ دھرنے کی تاریخ 27 اکتوبر پر نظرثانی کریں اور کسی اور دن احتجاج کا حق استعمال کریں۔شاہ محمود قریشی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بک پر مختلف نجی نشریاتی اداروں سے بات کی ویڈیوز شیئرز کی جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے اس معاملے پر نظرثانی کا کہا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فورسز نے سری نگر پر یلغار کی اور مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا، ہر سال پوری کشمیری قوم اس روز کو یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ دو روز قبل کشمیر سیل میں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت اہم رہنما موجود تھے اور متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے گزارش کریں گے کہ اس سال 27 اکتوبر 2019 کو یوم سیاہ کے طور منایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں وہ باتوں کو سمجھتے ہیں، احتجاج ان کا جمہوری حق ہے اور وہ فیصلوں میں آزاد ہیں لیکن میری ان سے گزارش ہے کہ 27 اکتوبر کا دن احتجاج کے لیے مناسب نہیں ہے، اس پر نظرثانی فرمائیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ دن کشمیر اور کشمیر کاز سے منسوب ہے اگر اس کے ساتھ کچھ اور منسوب کریں گے تو بھارت کے بیانیے کو تقویت دیں گے اور وہ پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھ میں کھیلنے کے مترادف ہوجائے گا۔مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اپنا دھرنا بھی چاہتے ہیں تو اس کی تاریخ پر نظرثانی کریں، ویسے بھی ان کے حلیفوں میں مکمل طور پر اتفاق نہیں ہے، میری بطور پاکستانی ان سے گزارش ہے کہ اس پر نظرثانی کریں کیونکہ اس سے کشمیر کاز کو تقویت نہیں پہنچے گی بلکہ نقصان پہنچے گا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ کشمیر سیل کے متفقہ فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو سفارش بھیج رہے ہیں اور تجویز کر رہے ہیں کہ 27 اکتوبر کو پورے پاکستان میں یوم سیاہ منایا جائے اور بھارت کی یلغار، ناجائز قبضے کے خلاف آواز اٹھائیں۔انہوںنے کہاکہ سری نگر کے پریس کلب کے صدر کے ساتھ 107 صحافیوں نے کرفیو اور پابندیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ہے اور یہ احتجاج پاکستان یا نیویارک میں نہیں بلکہ سرنگر میں ہورہا جبکہ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے اگلے روز بھی وہاں احتجاج ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلیک آو¿ٹ کی وجہ سے خبریں دبائی جارہی ہیں لیکن جب خبریں باہر آئیں گی تو بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوجائے گا۔ ایک اور ویڈیو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن 27 اکتوبر کی اہمیت کو یقینا سمجھتے ہیں، یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد سے منسوب ہے، اگر آپ اس روز کو اپنے مقامی مقاصد کے لیے استعمال کریں گے تو کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ مارچ کرنا ان کا سیاسی فیصلہ ہے وہ کسی اور روز کا تعین کرلیں، بحیثیت وہ ایک قومی اور دینی رہنما کے اس فیصلے پر غور کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.