رومانیہ میں جہاز الٹنے سے 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں
بخارسٹ(امروزنیوز)مشرقی یورپ کے ملک رومانیہ کی بندرگاہ پر جہاز الٹنے سے 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ سے بحری جہاز پر ہزاروں بھیڑیں لاد کر سعودی عرب بھیجا جارہا تھا، روانگی سے کچھ ہی دیر بعد جہاز بحیرہ اسود میں الٹ گیا۔واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کیں اور جہاز کے عملے کے 21 افراد کو بحفاظت نکال لیا تاہم اس دوران وہ صرف 33 بھیڑوں کو ہی بچا سکے جب کہ جہاز میں 14 ہزار 600 بھیڑیں موجود تھیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھیڑوں کو سعودی عرب لے جایا جارہا تھا جبکہ جانوروں کی حقوق کی تنظیموں نے الزام عائد کیا ہے کہ جہاز پر گنجائش سے زیادہ بوجھ لادا گیا تھا جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔واضح رہے کہ 2007 میں یورپی یونین میں شمولیت اختیار کرنے والے ملک رومانیہ کا شمار یونین کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے اور اس کی برآمدات کا بڑا حصہ لائیواسٹاک پر مشتمل ہے جو کہ زیادہ تر مشرق وسطیٰ کے ممالک کو بر آمد کی جاتی ہے