نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ،مرکزی رہنمائوں کی ملاقاتیں

0 125

لاہور( این این آئی ) شریف خاندان کے افراد ،قریبی رشتہ داروں اورپارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، تمام افراد نواز شریف سے ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے استفسار کرتے رہے ،رہنمائوں نے نواز شریف سے ملک کی مجموعی صورتحال اورقانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بعض امور پر رہنمائی بھی لی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ،داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد ،قریبی رشتہ داروں ،پارٹی رہنمائوں سابق صدر مملکت ممنون حسین، شاہد خاقان عباسی ،احسن اقبال ،رانا ثنا اللہ خان،رفیق رجوانہ ،محمد زبیر،خواجہ آصف ،سردار ایاز صادق ،مریم اورنگزیب ،سینیٹر آصف کرمانی ،آصف رجوانہ ،جاوید ہاشمی ، مشاہد حسین ، سائرہ افضل تارڑ،طارق فضل چوہدری ،شذرہ منصب ،مرزا جاویدسمیت دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے تمام افراد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے رہے اوران کی صحتیابی اور درازی عمر کی دعائیں دیتے رہے ۔بتایا گیا ہے کہ اہل خانہ دوپہر کا کھانا ہمراہ لائے جو نواز شریف کے ساتھ اکٹھے بیٹھ کر کھایا ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے مریم نواز ،حمزہ شہباز اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی جبکہ رہنمائوںنے بعض امور پر ان سے رہنمائی بھی حاصل کی ۔نواز شریف اور شریف خاندان کے افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنوں کی بڑی تعداد صبح سویرے سے ہی جیل کے باہر اکٹھے ہونا شروع ہو گئے جو وقفے وقفے سے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ شریف خاندان کے افراد کی آمد پر کارکنوںنے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور حق میں نعرے لگائے ۔علاوہ ازیں لیگی کارکنوں نے گزشتہ روز بھی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر کیمپ لگایا اور ان کے حق میںنعرے لگائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.