لاہور پارکنگ کمپنی سکینڈل ،حافظ نعمان سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع
لاہور ( این این آئی)احساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کرپشن کیس میں لیگی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی حافظ نعمان سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس پر سماعت کی ۔ملزمان حافظ نعمان، عثمان قیوم اور تایثر احمد کو نیب رپورٹ کی کاپیاں فراہم کر دی گئیں جبکہ ملزمان کو ریفرنس کی صاف کاپیاں بھی فراہم کر دی گئیں ۔تفتیشی کی طرف سے ضمنی تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی جس کی کاپیاں بھی ملزمان کو فراہم کر دی گئیں ۔حافظ نعمان کے وکیل نے اعتراض کیا کہ اس ضمنی تفتیشی رپورٹ پر تفتیشی افسر کے علاوہ کسی کے دستخط نہیں۔تاہم عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی اور ملزمان کو 14 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم حافظ نعمان وغیرہ پر بطور چیئرمین مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے منظورِ نظر افراد کو دینے کا الزام ہے،نیب کی طرف سے تین ملزمان حافظ نعمان، تاثیر احمد اور عثمان قیوم کے خلاف 8 کروڑ کا ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے۔،نیب پراسیکیوٹر کے مطابق کمپنی چیئرمین کا عہدہ عموما نمائشی تصور کیا جاتا ہے تاہم ملزم کی جانب سے کمپنی کے انتظامی معاملات میں غیر ضروری مداخلت رہی،لاہور پارکنگ کمپنی کا این ٹی جی کمپنی کے ساتھ پارکنگ ٹھیکوں کی مد میں معاہدہ کیا گیا،معاہدے کے مطابق 246پارکنگ سائٹس این ٹی جی کے حوالے کرنا تھیں تاہم صرف 33 سائٹس ہی حوالے کی جا سکیں،نیب لاہور کی جانب سے پارکنگ کمپنی کیس میں 26 اپریل 2018ء کو سابق سی او تاثیر احمد سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا،نیب حکام ان ملزمان سے 8 کروڑ روپے برآمد بھی کروائے جا چکے ہیں