نیب قانون کی حکمرانی اور بلا امتیاز احتساب کے فلسفے پر یقین رکھتا ہے

0 143

کوئٹہ(این این آئی)قومی احتساب بیورو قانون کی حکمرانی اور بلا امتیاز احتساب کے فلسفے پر یقین رکھتا ہے۔ قومی وسائل کے جائز استعمال اور ملکی لوٹی گئی دولت کی ہر صورت واپسی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، بلوچستا ن میں ترقی و خوشحالی کے تسلسل کے لئے کڑا احتساب ناگزیر ہے، مفاد عامہ کے منصوبوں میں تاخیر او ر کرپشن نا قابل برداشت ہے، عوام الناس کی کرپشن سے متعلق شکایات پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈا ئر یکٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے کھلی کچہری کے دوران سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ ڈائر یکٹر جنرل نیب نے سائلین کو کرپٹ عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا قومی احتساب بیورو کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا ملکی ترقی و خوشحالی کے سفر کی کامیابی کے لئے مربوط اور کڑا احتساب نا گزیر ہے ۔ بلوچستان میں متعدد منصوبے کرپشن اور غیر ضروری تاخیر کا شکا ر ہیں جنکی وجہ سے عام آدمی براہ راست متاثر ہے ایسے تمام منصوبے جو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں انہیں مکمل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو پابند کیا جا رہا ہے۔ڈی جی نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے عوام الناس کے تعاون کو نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا عوام کی معاونت سے کرپٹ عناصر کو تنہا کیا جا سکتا ہے۔قبل ازیں ڈی جی نیب نے شکایات سیل کے انچارج کو متعدد شکایات پر فوری کاروائی کی ہدایات جاری کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.