چین کاتین دہائیوں میں 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات دلانے کا تجربہ انسانی تاریخ میں منفرد ہے،شاہ محمود قریشی

0 164

دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں صدر شی جنگ پنگ کا دورہ نہایت اہم ثابت ہوگا،شاہ محمود قریشی کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ چین کاتین دہائیوں میں 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات دلانے کا تجربہ انسانی تاریخ میں منفرد ہے،دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں صدر شی جنگ پنگ کا دورہ نہایت اہم ثابت ہوگا۔ پاک چین لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کی افتتاحی تقریب بیک وقت وزارت خارجہ پاکستان اور وزارتِ خارجہ چین میں منعقد ہوئی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے (بذریعہ ویڈیو لنک) تقریب میں شرکت کی۔21 مئی 1951 کو شروع ہونیوالے دو طرفہ پاک چین دو طرفہ مثالی تعلقات کو 2021 میں ستر سال مکمل ہونے کو ہیں،

دونوں ممالک اس لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کے حوالے سے مختلف تقاریب کا انعقاد کرتے رہیں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے ستر سالہ جشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میرے لیے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ پاک چین لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کا افتتاح کر رہا ہوں ، پچھلے ستر سالوں میں پاک چین تعلقات، وسیع البنیاد طویل المدتی، سدا بہار سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے ،پاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے سب سے پہلے چین کی ریاست کو تسلیم کیا ۔

انہوںنے کہاکہ چین نے اپنی محنت کے بل بوتے پر سماجی و اقتصادی ترقی کے کئی اہم مدارج طے کیے ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چین دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی تجارت اور آرٹیفشل انٹیلیجنس میں اپنا لوہا منوا چکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چین کاتین دہائیوں میں 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات دلانے کا تجربہ انسانی تاریخ میں منفرد ہے،1.4 ارب لوگوں کی زندگی اور تقدیر بدلنے کی اس حیرت انگیز کامیابی پر ہم چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ صدر شی جن پنگ کی قیادت نے اس تاریخی مرحلے پر چینی قوم کی قومی خواہشات کی تکمیل میں بے پناہ مدد کی ہے،

چیئرمین ماوزے تنگ، وزیر اعظم چوان لائی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بعد میں آنے والے قائدین اور رہنماوں نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں قابل قدر خدمات سر انجام دیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سات دہائیوں میں باہمی اعتماد، مدد اور باہمی مفادات کے اصولوں پر دونوں ممالک کے تعلقات نے نشوونما پائی،کثیرجہتی سٹرٹیجک اور سیاسی تعاون آج کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی فورمز پر تعاون کررہے ہیں اور کلیدی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان ’ون چائنا پالیسی‘ کی مکمل تائید وحمایت کرتا ہے

،چین نے پاکستان کے کلیدی سٹرٹیجک، معاشی اور ترقیاتی ترجیحات کے معاملات میں ہماری مدد کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم رواں برس صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں صدر شی جنگ پنگ کا دورہ نہایت اہم ثابت ہوگا،دونوں ممالک نے مشکل میں ایک دوسرے کے کام آنے کی اپنی شاندار روایت نبھائی ہے،چین میں کورونا وبا کے دوران پاکستان نے فوری طورپر ضروری طبی سامان چین بھجوایا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ مارچ 2020 میں صدر ڈاکٹر عارف علوی بیجنگ گئے اور چین کی حکومت اور عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا،

پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاو کے وقت چین نے ہمیں فراخ دلی سے مدد فراہم کی،پانچ لاکھ سائنوفام ویکسین فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں،اس ویکسین نے ہمارے فرنٹ لائن طبی عملے کی جان بچانے میں مدد کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے سماجی وثقافتی تعلقات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے،28 ہزار سے زائد پاکستانی طالب علم چین میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور چین کے جدید ترین تعلیمی نظام سے استفادہ کررہے ہیں

۔وزیر خارجہ نے کہاکہ چین کی مختلف یونیورسٹیوں میں 7 مطالعہ پاکستان مراکز اور 11 اردو زبان کے شعبے قائم کئے گئے،پاکستان میں 4 کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس قائم کئے گئے ہیں،یہ اقدامات دونوں ممالک میں ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں ممدو معاون ثابت ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے ’بیلٹ اینڈ روڈ اقدام‘ کی حمایت کرتا ہے،یہ منصوبہ رابطے بنانے اور عالمی معاشی نشوونما میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بی آر آئی کا اولین منصوبہ سی پیک اعلی ترین معیار کا حامل منصوبہ بن چکا ہے،قومی ترقی کے لئے سی پیک کے ناگزیر ہونے پر پاکستان میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال پورے ہونے کی خوشی میں تقاریب اور سرگرمیوں کا سلسلہ وار انعقاد کیاجارہا ہے،پورا سال ہونے والی ان تقاریب سے نوجوان نسل دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی سے روشناس ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گہرائی، جوش اور عزم میں اضافہ ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.