بچوں اور خواتین کا قتل ، انسانیت سوزی اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے : فرح عظیم شاہ
کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ کے نواحی علاقہ کچلاک میں والدہ، کمسن بچوں کو قتل کے دلخراش واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام کو اس گھناﺅنے واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کیلئے بلاتاخیر ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھاکہ وزیراعلی نے پولیس حکام کو کم سے کم ممکنہ وقت میں اس افسوسناک واقعے کے تمام پہلوں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے کے مرتکب افراد انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، وہ قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے او ر انہیں عبرتناک سزاد ی جائے گی۔ متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی نے یقین دلایا کہ مجرمان کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گااور لواحقین کو ہر صورت انصاف دلایا جائے گا۔