پی سی بی کے پاس 15 ارب کی بجائے 115 ارب ہونگے تو سب کھیلنے آئیں گے: شعیب اختر
رمیز راجہ کے جارحانہ کھیل کے مطالبے کا مطلب یہ نہیں کہ سب شاہد آفریدی بن جائیں،سابق سپیڈ سٹار
راولپنڈی(امروز ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ رمیز راجہ نے کھلاڑیوں سے جارحانہ کھیلنا کا کہا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ سب شاہد آفریدی بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 6 ماہ بعد رمیز راجہ کو جج کرنا ہے کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ فخر زمان، شاہنواز دھانی اورشعیب ملک اگر پاکستانی ٹیم میں آتے ہیں
تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہمارا ہوگا، ورلڈ کپ میں اگر شاہ نواز دھانی اور وہاب ریاض نہ ہوئے تو قومی ٹیم ان کی کمی محسوس کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں شعیب اختر نے کہا کہ بھارت پیسے کے بل بوتے پر حکمرانی کررہا ہے، ہمیں بھی اپنا ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے، ہم نے دیہاڑی نہیں چلانی بلکہ ہم نے پالیسی میکنگ پر جانا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ جب پی سی بی کا خزانہ 15 بلین سے 115 بلین پر چلا جائے گا
تو ہمیں کسی کی منتیں کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے اس وقت کوئی ہمیں پوچھتا تک نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پی سی بی ریونیو بڑھانے کی طرف نہیں جاتا کچھ ٹھیک نہیں ہوگا، پیسے بن سکتے ہیں لیکن یہاں پر کام کرنا پڑے گا۔