دوران پرواز وہ چیزیں جن سے بچنا انتہائی ضروری ہے، فلائٹ اٹینڈنٹ نے مشورہ دے دیا
واشنگٹن ایک تجربہ کار فلائٹ اٹینڈنٹ نے ہوائی سفر کے دوران صفائی اور جراثیم سے بچاؤ کے حوالے سے چند اہم احتیاطی تدابیر بتائی ہیں جن میں ایک خاص لباس سے پرہیز بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق شارٹس پہن کر سفر کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ہوائی جہاز کی نشستیں اکثر جراثیم سے بھری ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ براہ راست جسم کا رابطہ بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق اسی طرح کھڑکی سے ٹیک لگانا بھی خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ پہلے کئی مسافر اپنے ہاتھ یا دیگر چیزیں کھڑکی سے لگا چکے ہوتے ہیں، اور یہ نہیں معلوم کہ وہ جگہ کتنی صاف ہے۔ فلائٹ اٹینڈنٹ نے مکمل لمبے کپڑے پہننے کی تجویز دی تاکہ جلد کا براہ راست رابطہ کم سے کم ہو سکے۔
جہاز کے باتھ روم کے بارے میں بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ فلش کا بٹن ننگے ہاتھوں سے دبانا انتہائی غیر محفوظ ہے، اور اس کے لیے ٹشو یا نیپکن استعمال کرنا بہتر ہے۔ اس کے علاوہ اگر کسی کو کھانے، پانی یا الٹی کی تھیلی کی ضرورت ہو تو وہ بلا جھجک عملے سے رجوع کر سکتا ہے۔
امریکی فلائٹ اٹینڈنٹ جمیلہ ہارڈوک نے بتایا کہ ٹرے ٹیبل بھی سخت گندے ہو سکتے ہیں، کیونکہ انہیں ہر فلائٹ کے بعد تفصیل سے صاف کرنے کا وقت نہیں ہوتا۔ ایک تحقیق کے مطابق ان ٹیبلز پر ہزاروں کی تعداد میں جراثیم موجود ہوتے ہیں، اس لیے کھانے سے پہلے انہیں صاف کرنا ضروری ہے۔ بعض مسافر ان پر پاؤں بھی رکھ لیتے ہیں، جس پر عملہ ناخوش ہوتا ہے مگر پھر بھی شائستگی سے انہیں روکتا ہے۔ کووڈ کے بعد اگرچہ صفائی کے معیارات میں بہتری آئی ہے، مگر مسافروں کو اب بھی اپنی حفاظت خود یقینی بنانا ہوگی۔