بلوچستان میں سیلابی صورتحال، تدریسی اداروں میں طلبہ کی فیسیں معاف کی جائیں، پی ایس ایف
کوئٹہ تمام تعلیمی اداروں بالخصوص صوبے کے بڑے جامعات وکالجز میں طلباء وطالبات کو ریلیف دیا جائے، داخلہ، امتحانی، سمیسٹر،ٹیوشن ودیگر فیسوں کو معاف کیا جائے،حالیہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث صوبے کے تمام اضلاع کے عوام شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں،بعض غریب طلباء وطالبات ایسے ہیں جن کا سب کچھ سیلاب کی نذر ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے آرگنائزر سیف اللہ خان، سینئر ڈپٹی آرگنائزر یار محمد بریال، اطلاعات آرگنائزر اسفند یار کاکڑ، مالیات آرگنائزر صابر کاکڑ، رابطہ آرگنائزر محمود اچکزئی، آفس آرگنائزر عظیم افغان، ثقافت آرگنائزر جعفر خان،ڈپٹی آرگنائزرز نواز کاکڑ، طیب کاکڑ، بشیر افغان، ہارون موسیٰ خیل، ڈاکٹر زبیر خلجی، امین اچکزئی،دلبر خان ازل، زبیر ترین، سید وہاب آغا، شریف دمڑ، شعیب کدیزئی، خوشحال کاکڑ،ایاز شیرانی،صدیق مندوخیل نے اپنے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل بارش اور چھوٹے بڑے سیلابی ریلوں کے باعث صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع شدید طور پر متاثرہوئے ہیں،بعض اضلاع کے اکثریت پر مشتمل دیہات مکمل تباہ ہوچکے ہیں بالخصوص موسیٰ خیل، پشین، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، قلعہ عبداللہ، زیارت، لورالائی ودیگر اضلاع اور کوئٹہ کے وادی ہنہ اوڑک، مشرقی بائی پاس، کچلاک، نواں کلی، اغبرگ، سرہ غوڑگئی ودیگر علاقے شدید متاثرہوئے ہیں جہاں ایک جانب سڑکیں تباہ، آمدورفت معطل دوسری جانب ان کے مکانات منہدم ہوچکے ہیں ایسے حالات میں ان پر تعلیمی اداروں کے فیسوں کی ادائیگی ناممکن ہے۔