تھائی لینڈ نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 13 افراد ہلاک، 41 زخمی
تھائی لینڈ میں نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی صوبے چونبوری کے کلب ماؤنٹین بی نائٹ اسپاٹ میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے تیزی سے بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مرنے والوں میں 4 خواتین اور 9 مرد شامل ہیں جن کی لاشیں دروازے، ٹوائلٹ اور ڈی جے بوتھ کے قریب سے ملی ہیں۔ تمام افراد مقامی شہری تھے۔
آتش گیر جھاگ کلب کی دیواروں سے ڈھکنے کی وجہ سے آگ کی شدت بڑھ گئی اور کئی لوگوں کو اپنی جان بچانے کا موقع نہیں ملا۔
شراب کے نشہ اور رقص و موسیقی کے شور کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو پہلے تو پتہ ہی نہیں چلا کہ کیا آفت آئی ہے اور جب حالات کی سنگینی کا اندازہ ہوا تو بہت دیر ہوچکی تھی اور فرار کے راستوں کو آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔
اس واقعے کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی ہیں جن میں لوگ چیختے ہوئے کلب سے باہر بھاگتے ہوئے اور ان کے کپڑوں کو آگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تھائی وزیر اعظم جنرل پریوتھ چان اوچا نے ملک بھر کے کلب مالکان سے کہا ہے کہ وہ ہنگامی راستے تیار کریں۔
واضح رہے کہ 2009 میں بھی ایسا ہی واقعہ بنکاک میں پیش آیا تھا جب ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 60 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔