یونان؛ عیدگاہ کے نزدیک فائرنگ میں پاکستانی نوجوان شدید زخمی

0 75

ایتھنز: یونان میں عید کی نماز پڑھ کر عیدگاہ سے باہر نکلنے والوں پر نسل پرست تنظیم کے غنڈوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 26 سالہ پاکستانی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے شہر وسطی ایتھنز میں عید گاہ کے قریب سے گزرنے والے ٹیکسی ڈرائیور نے اس وقت فائرنگ کردی جب مسلمان شہری عید کی نماز پڑھ کر واپس آ رہے تھے۔

فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا جس کی شناخت 26 سالہ علی ریاض کے نام سے ہوئی۔ زخمی نوجوان کا تعلق پاکستان سے ہے اور اس کے سر میں گولی لگی ہے۔ ڈاکٹرز نے گولی نکال دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کا اصل نشانہ صرف علی ریاض ہی تھے یا تمام نمازیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ہر پہلو پر تفتیش کر رہے ہیں۔

نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیم کیرفا نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی مسلم نوجوان پر حملہ بدنام زمانہ نو نازی تنظیم گولڈن ڈان کے غنڈوں نے کیا جو یونان کی تیسری بڑی پارٹی ہے۔

کیرفا کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا ہے جب اس پارٹی کے خلاف 15 جون کو ایک مقدمے کی سماعت ہونے والی ہے۔ یہ دھونس اور دھمکی کا ایک طریقہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.