بلوچستان میں ٹریفک اور فائرنگ کے واقعات میں نو افراد جاں بحق ، تیرہ زخمی
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک)بلوچستان میں ٹریفک حادثات اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور13 زخمی ہو گئے۔لیویز حکام کے مطابق ٹریفک کے 2 حادثات مستونگ کے علاقے دشت میں پیش آئے جن میں سے پہلے حادثے میں کار سڑک کنارے کھڑی خراب ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے
۔اسی طرح دشت میں ایک کار اور رکشے کے درمیان ہونے والے تصادم نے ایک خاتون کی جان لے لی ،واقعہ میں بھی 3 افراد زخمی ہوئے۔کوئٹہ کراچی شاہراہ پر قلات کے قریب کار اور ٹرک کے درمیان ہونے والی ٹکر کے نتیجے میں کار کا ڈرائیور رضوان اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق اورکار میں سوار دیگر 4 افراد زخمی ہوئے۔
کوئٹہ کے علاقے نواکلی میں ڈمپر کی ٹکر سے سائیکل سوار بچہ نجیب اللّٰہ جاں بحق ہو گیا۔تربت کے علاقے سنگانی سر سے خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔گوادر کی تحصیل جیوانی میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور2 زخمی ہو گئے۔