آئرش ائیرلائن کا مسافروں سے’ افریکانز ‘زبان میں ٹیسٹ ، جنوبی افریقی شہریوں کا اظہار برہمی
جنوبی افریقی شہریوں نے آئرش ائیر لائن ‘RYANAIR’ کا برطانیہ کیلئے اپنی پروازوں میں افریکانز زبان میں ٹیسٹ لینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے امتیازی سلوک قرار دے دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق آئرش ائیر لائن RYANAIR نے برطانیہ کیلئے پروازوں میں جنوبی افریقی مسافروں سے افریکانز زبان میں جنوبی افریقا سے متعلق سوالات کے ذریعے ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا میں 11 سرکاری زبانیں بولی جاتی ہیں تاہم بہت سے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ افریکانز زبان( جو سفید فام اقلیتوں کی حکمرانی کے دوران مسلط کی گئی تھی) کو نہیں سمجھ سکتے اس ٹیسٹ کی وجہ سے انہیں برطانیہ جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب آئرش ائیر لائن نے ٹیسٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ جنوبی افریقا کے جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی نشاندہی کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
ائیر لائن نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی افریقا کے جعلی پاسپورٹ کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہم نے برطانیہ جانے والے مسافروں سے افریکانز زبان میں ایک سادہ سوالنامہ حل کروانے کا فیصلہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مسافر اس سوالنامے کو مکمل کرنے سے قاصر ہیں تو انہیں سفر کرنے سے روک دیا جائے گا اور مکمل رقم واپس کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق صرف 13 فیصد جنوبی افریقی شہری افریکانز زبان کو مادری زبان کے طور پر بولتے ہیں ، یہ Zulu اور IsiXhosa کے بعد ملک کی تیسری سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔