وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے زیرتعمیر ایئرپورٹ روڈ نوا کلی لنک کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا
کوئٹہ(امروز نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے زیرتعمیر ایئرپورٹ روڈ نوا کلی لنک کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا جہاں انہیں کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے منصوبے کی جلد تکمیل کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر ، توسیع اور مرمت کے منصوبوں کا مقصد ٹریفک دباؤ کو کم کرنا اور عوام کو سہولت کی فراہمی ہے لہٰذاان منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے ٹریفک کے نظام کی بہتری کو ممکن بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کے معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ وہ سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کا معائنہ کرتے رہیں گے، وزیراعلیٰ نے ایئرپورٹ روڈ کی توسیع کے منصوبے کے ڈیزائن میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت بھی کی، صوبائی مشیر ملک نعیم بازئی بھی اس موقع پر موجودتھے۔