سیاحتی مقام پر گنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد حکومت کی ناکامی ہے، نواب زہری
وفاقی اور پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پرتنقید کے بجائے کارکردگی پر توجہ دیتے تو افسوسناک واقعہ رونماءنہ ہوتا،چیف آف جھا لاوان
کوئٹہ( امروز ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءچیف آف جھا لاوان سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ سیاحتی مقام پر گنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد حکومت کی ناکامی ہے وفاقی اور پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پرتنقید کے بجائے کارکردگی پر توجہ دیتے تو افسوسناک واقعہ رونماءنہ ہوتا۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں کہی۔ چیف آف جھا لاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ نیازی کارواں میں شامل افراد کی کارکردگی صرف میڈیا کی حد ہے بدقسمتی سے عملی طور پر ملک تباہی کا منظر پیش کررہا ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے باوجود سانحہ کا رونماءہونا حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے،شہری سڑکوں پر اپنی جانیں گنوارہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی خبرتک نہیں،
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے،سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناءاللہ زہری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے اورمرحومین کےلئے مغفرت کی دعا کی ہے۔