کوئٹہ، گیس لیکج دھماکوں کے باعث 2 ماہ کے دوران 17 افراد جاں بحق
مریضوں کے ساتھ آئے لواحقین بھی اپنی مشکلات بیان کرتے ہیں جبکہ مریض انتہائی اذیت سے دوچار رہتے ہیں
ستم ظریفی تو یہ ہے کہ کوئٹہ کے بی ایم سی ہسپتال میں ایک ہی برن وارڈ مریضوں کے لیے موجود ہے
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث دھماکوں کے نتیجے میں 2ماہ کے دوران17افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ91 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گیس لیکج دھماکوں میں موسم سرما کے دوران اضافہ ہونے لگا،
شہر میں گیس لیکج دھماکوں میں رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 91 افراد جھلس کر زخمی جبکہ 17 افراد جان سے گئے۔کوئٹہ سمیت صوبے کے بشتر اضلاع میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی کم سوئی گیس پریشر کا مسئلہ بھی شروع ہو جاتا ہے۔ رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران سے اب تک گھروں میں گیس لیکج اور سلنڈر دھماکوں میں خواتین، بچوں اور مرد سمیت 91 افراد جھلس کر زخمی جبکہ 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ستم ظریفی تو یہ ہے کہ کوئٹہ کے بی ایم سی ہسپتال میں ایک ہی برن وارڈ مریضوں کے لیے موجود ہے جہاں صوبے بھر سے مریض لائے جاتے ہیں
جہاں بھی ڈاکٹر عدم سہولیات کا رونا روتے دکھائی دے رہے ہیں۔ مریضوں کے ساتھ آئے لواحقین بھی اپنی مشکلات بیان کرتے ہیں جبکہ مریض انتہائی اذیت سے دوچار رہتے ہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے کئی بار اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ صوبے میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی برن یونٹ بنانے کا وعدہ تو آنے والی ہر حکومت نے کیا جو اب تک بدقسمتی سے پورا نہ ہوسکا۔