پارٹی ایک گلدستے کی مانند ہے،بی اے پی
کوئٹہ(امروز نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظوراحمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،پارٹی ایک گلدستے کی مانند ہے جس میں تمام زبانیں بولنے والے لوگ شامل ہیں ،12اپریل کو یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والا جلسہ صوبے کی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔یہ بات انہوں نے منگل کو سردار نوراحمد بنگلزئی کی قیادت میں علی احمد ابابکی ، براہوئی زبان کی گلوکارہ کلثوم نور کی اپنے ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پرپارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو ،میراسماعیل لہڑی ، سردار نوراحمد بنگلزئی ،میر عبدالروف رند ، میر زبیر رند ،علا¶ الدین کاکڑاوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے عمل میں لایا گیا تھا پارٹی نے 8ماہ کے دوران صوبے کے عوام کی بہتری اور ترقی کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتائج جلد عوام کے سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے صوبائی محکموں میں خالی اسامیوں پر میرٹ کے مطابق پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا جس سے صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے عوام نے پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاءاللہ اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک گلدستے کی مانند ہے جس میں تمام زبانیں بولنے والے لوگ شامل ہیں پارٹی نے اپنے قیام کے چند ماہ کے بعد ہی انتخابات میں حصہ لیکربھر پور کامیابی حاصل کی یہ کامیابی کارکنوں کی محنت کی بدولت ممکن ہوئی ہے ہم انشاءاللہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پہلے یوم تاسیس کے حوالے سے 12اپریل کو کوئٹہ بوائے سکاوٹس ہیڈکوارٹر میں ایک جلسہ عا م منعقد ہوگا جو صوبے کی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔انہوں نے نئے شامل ہونے والے علی احمد ابابکی ، کلثوم نوراورانکے ساتھیوںکو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی بی اے پی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔