ہرنائی کے عوام کھلے آسمان تلے اور بھوک و افلاس میں پڑے، حکومت میں کرسی کی جنگ جاری ہے، رحمت صالح بلوچ
ہرنائی(امروز ویب ڈیسک)نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر و سابق وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کی قیادت میں وفد نے ہرنائی زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ زلزلہ سے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کے موقع پر سابق وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی غم کی اس گھڑی میں مکمل ساتھ ہے
قدرتی آفات پر افسوس نہیں صبر کیا جاسکتا ہے لیکن افسوس صوبائی حکومت کی لاتعلقی اور نااہلی پر ہے۔ ہرنائی کے عوام کھلے آسمان تلے اور بھوک و افلاس میں پڑے لیکن حکومت میں کرسی کی جنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ زلزلے نے ہرنائی میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔زلزلہ کی رات ہرنائی پر قیامت بن کر ٹوٹی اور زندگی کو مفلوج بنا دیا۔اموات زخمیوں اور منہدم مکانات ہر طرف غم نظر آتا ہے
۔انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے قدرتی آفت کے بعد بھی حکومت لفاظی دعوے و دورے کرتی پھر رہی ہے۔پی ڈی ایم اے میں صرف ایمرجنسی الرٹ کرکے بری الزمہ ہونا قابل مذمت ہے۔حکومت اپنی خود کی جنگ کو چھوڑے اور ہرنائی میں زندگی کو بحال کرنے کےلئے عملی اقدامات کریں۔ان کے ہمراہ نیشنل پارٹی کے ممبر مرکزی کمیٹی نیاز بلوچ پشتون ریجن کے سیکرٹری ملک منور پانیزئی صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ صوبائی ترجمان علی احمد لانگو صوبائی ریسرچ سیکرٹری عبید اللہ حاجی اشفاق یاسین زئی سمیت دیگر شامل تھے۔