عالمی ہوٹل گروپ کا سعودی عرب میں 35 نئے ہوٹل کھولنے کا اعلان

0 148

نیویارک(این این آئی)دنیا بھر میں پرتعیش ہوٹلز اور ریزورٹس کی سہولیات فراہم کرنے والے ہلٹن ہوٹل اینڈ ریزورٹس گروپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ چند سالوں میں سعودی عرب میں مزید نئے 35ہوٹل کھولے گا۔ہلٹن ہوٹلز کا شمار دنیا کے پرتعیش ہوٹلز میں ہوتا ہے اور اس گروپ کے دنیا کے چھ بر اعظموں کے متعدد ممالک میں 550 سے زائد ہوٹلز موجود ہیں۔مجموعی طور پر ہلٹن گروپ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، ریزورٹس، تفریح اور فوڈ کی 15 اقسام کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔یہ گروپ دنیا کے 109 ممالک میں 5 ہزار 500 سے زائد مقامات پر لوگوں کو رہائش، تفریح، سیاحت، کھانے اور پینے سمیت زندگی کے پر لطف لمحات گزارنے کے لیے سہولیات فراہم کرتا ہے۔اگرچہ اس گروپ کا پاکستان میں کوئی ہوٹل موجود نہیں، تاہم اس کے جنوبی ایشیا سمیت پورے ایشیاء میں پرتعیش ہوٹلز موجود ہیں۔ہلٹن گروپ کے بھارت، سری لنکا، میانمر، ویتنام، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، سعودی عرب، دبئی، ابوظہبی، شام، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت کئی ممالک میں پرتعیش ہوٹل اور ریزورٹس سمیت دیگر تفریحی مقامات موجود ہیں۔اس ہوٹل کے سعودی عرب میں بھی کم سے کم 5 ہوٹل اور ریزورٹس اس وقت بھی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، تاہم گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مزید 35 ہوٹلز وہاں کھولے گا۔ٹریڈ عربیہ کی رپورٹ کے مطابق ہلٹن گروپ کے سعودی عرب میں نائب صدر کارلوس کشنیئر کے مطابق ان کا گروپ آئندہ چند سال میں مزید پرتعیش ہوٹل کھولے گا۔رپورٹ کے مطابق ہلٹن گروپ فوری طور پر سعودی عرب کے مختلف شہروں اور مقامات پر 11 ہوٹل کھولے گا جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے تک ہوٹلز کی تعداد بڑھا کر 35 تک کردی جائیگی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہلٹن گروپ آئندہ 3 سے 5 سال کے دورانئے کے اندر سعودی عرب میں 35 نئے ہوٹل کھولے گا، جس کے بعد ان کے ہوٹلوں کی تعداد 40 سے بڑھ جائیگی۔گروپ کی جانب سے نئے ہوٹلز میں مجموعی طور پر 10 ہزار کمرے بنائے جائینگے، جبکہ ان میں لذیذ کھانوں کے ریسٹورنٹس سمیت دیگر تفریحی مقاصد کیلئے ریزورٹس بھی تعمیر کئے جانے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.