محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 12 سے 15 فروری تک پھر بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے
اسلام آباد+کوئٹہ (این این آئی)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 12 سے 15 فروری تک پھر بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے 12 سے 15 فروری تک مزید بارشوں و برفباری کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا باعث بننے والی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل ملک میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے کوئٹہ، پشاور، خضدار، قلات ڈویژن، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں پرسوں سے تین دن تک بارش کا امکان ہے جب کہ مری اور گلیات میں شدید برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے تاہم شہر قائد میں 2 روز بعد پھر سرد ہوائیں چلنے کی پیشنگوئی کی گئی ہے جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، سب سے کم درجہ حرارت استور اور کالام میں منفی بارہ، اسکردو، بگروٹ میں منفی گیارہ جبکہ مالم جبہ اور زیارت میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔